اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بینک صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے پورٹل ’سنوائی‘ کا آغاز کر دیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق پورٹل اور ایپ ’سنوائی‘ ایس بی پی کی ان کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد بینکوں کے صارفین کو شکایات کے اندراج میں درپیش مشکلات دور کرنا اور ان شکایات سے نمٹنے میں بینکوں کی کارکردگی اور شفافیت کو مستحکم بنانا ہے۔
پورٹل ’سنوائی‘ بینکوں کے صارفین کے لیے ون ونڈو آپریشن کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں وہ پاکستان میں کام کرنے والے بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے خلاف اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
اب صارفین روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (آر ڈی اے) سمیت کسی بھی بینکاری پروڈکٹ یا سہولت کے بارے میں اپنی شکایات ’سنوائی‘ کے ذریعے درج کراسکتے ہیں تاکہ ان کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔
’سنوائی‘ویب براؤزر کے علاوہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی اینڈرائڈ اور آئی او ایس دونوں پر قابلِ رسائی ہے۔
رجسٹرڈ صارفین اپنی آسانی کے مطابق انگریزی یا اردو زبان میں شکایات درج کرا سکتے ہیں، درج شدہ ہر شکایت کو ایک منفرد ٹریکنگ نمبر دیا جاتا ہے اور یہ صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل بھیج دیا جاتا ہے۔
بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک کی مقرر کردہ مدت (ٹرن آؤٹ ٹائم یا ٹی اے ٹی) کے اندر شکایات کا فوری اور منصفانہ حل یقینی بنائیں۔
توقع ہے کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کا یہ پورٹل اور ایپ بینکاری صنعت کے صارفین کا اعتماد مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
Comments are closed.