جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

مخالفین کے پاس میرے خلاف غلط پروپیگنڈوں کے سوا کچھ نہیں، پرویز خٹک

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز (پی ٹی آئی پی) کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مخالفین کے پاس میرے خلاف غلط پروپیگنڈوں کے سوا کچھ نہیں۔

نوشہرہ میں تنظیمی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ  8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں عوام کو سبز باغ دکھانے کے لیے ایک بار پھر باریاں بانٹنے والے سرگرم عمل ہوگئے۔

انکا کہنا تھا کہ یہ اکیسویں صدی ہے عوام باشعور ہیں کسی کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

بانی پی ٹی آئی سب پر بازی لے گئے، جنہوں نے چور چور کا شور مچایا، لیکن اُ س نےخود چوری کی انتہا کر دی، بانی پی ٹی آئی اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں، پرویز خٹک

پرویز خٹک نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے اپنے منشور میں بلند بانگ دعوے کرکے عوام کو دھوکے دیے، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز عوام کو دھوکا نہیں دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام کی خدمت کرنا اور اسی خدمت پر لوگوں کا میرے ساتھ شامل ہونا پری پول ریگنگ ہے تو یہ ان کی غلط سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ مخالفین کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہوتا تو آئے روز اُن کے خلاف کوئی نیا پنڈورا بکس کھول کر بیٹھ جاتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.