امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کراچی کو اہمیت دیتے ہیں تو کراچی سے الیکشن کیوں نہیں لڑ رہے؟
کراچی کے ضلع غربی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 سے امیدوار امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام نشستوں پر اہل امیدوار کھڑے کیے ہیں، عوام بلدیاتی انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی اعتماد کریں گے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ این اے 246 سے اسکروٹنی مکمل ہو گئی، کراچی کی تمام نشستوں پر پڑھے لکھے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شہر کے نوجوانوں کے لیے فری آئی ٹی پروگرام چلائیں گے، شہباز شریف بتائیں کہ کے فور منصوبے پر کیا ہوا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کو سہولت فراہم کی، ہمارے نمائندگی کم کی گئی ہے، لوگ ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ترازو پر ووٹ دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی اور سندھ کے لیے کچھ نہیں کیا، کراچی میں موبائل چھیننے کی وارداتوں میں 140 افراد مارے گئے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ حکومت کو کے الیکٹرک کو لگام دینا ہو گی، صرف جماعتِ اسلامی نے نیپرا میں کے الیکٹرک کے لائسنس کی ایکسٹینشن کے خلاف بات کی۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا ہے کہ پیپلز پارٹی صرف اور صرف وراثت پر چل رہی ہے، جماعتِ اسلامی عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔
Comments are closed.