تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں نہیں بتایا جارہا کہ والد کو کہاں لے کر گئے ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہر بانو قریشی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا، ہمیں بتایا گیا کہ کسی نئے مقدمے میں شاہ محمود کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مہر بانو قریشی کا کہنا ہے کہ انہیں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا یا نہیں، میرے والد کی گرفتاری کے وقت نہ رتبے کا لحاظ کیا گیا اور نہ ہی عمر کا۔
انہوں نے کہا کہ والد برصغیر کی سب سے بڑی جماعت کے گدی نشین ہیں، اس کا لحاظ نہیں کیا گیا۔
مہر بانو قریشی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن لڑنا شاہ محمود قریشی کا حق ہے جو ان کو دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل سے گرفتار کر لیا ہے۔
نظر بندی حکم ختم ہونے پر جیل سے رہائی ہوئی تو شاہ محمود کو گرفتار کیا گیا۔
Comments are closed.