جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

32 زبانوں سے تعلق رکھنے والوں نے پیپلز پارٹی سے اتحاد کرلیا ہے، سعید غنی

پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ 32 زبانوں سے تعلق رکھنے والوں نے پیپلز پارٹی سے اتحاد کرلیا ہے۔

پیپلز سیکریٹریٹ میں سعید غنی کی پریس کانفرنس کے دوران شاہد میواتی اور سینیٹر وقار مہدی بھی موجود تھے۔

سعید غنی نے کہا کہ آج بڑی تعداد میں لوگ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، صوبہ سندھ میں پی پی کے امیدواروں کی حمایت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 32  مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پیپلز پارٹی سے اتحاد کیا ہے، ہم لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

پی پی کراچی ڈویژن کے صدر نے یہ بھی کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنا پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے، بلاول بھٹو لیاری سے ہارے نہیں تھے انہیں ہروایا گیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں وہ یو سیز بھی جیتیں جو پہلے ہارتے تھے، لیاری میں پیپلز پارٹی مضبوط ہوئی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ بینچ میں شامل ججز قابل احترام ہیں، اعتراض فیصلے کے بجائے آبزرویشن پر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ سیاسی آدمی نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی آئی نے فوج کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔

اس موقع پر شاہد میواتی نے کہا کہ میواتی قوم پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کرتی ہے، ہم نے پاکستان بنایا ہے اور پاکستان کو بچائیں گے۔

وقار مہدی کا کہنا تھا کہ میواتی برادری کے دوستوں کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، شہریوں کے ووٹ کی بدولت بلدیاتی انتخابات میں بھی ہماری جیت ہوئی تھی، عام انتخابات میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔

سعید غنی نے شاہد میواتی کو یقین دہانی کرائی کہ میواتی برادری کے تمام مسائل حل کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.