جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

کراچی: اورنگی و سرجانی میں شہریوں کے ہاتھوں ہلاک 5 میں سے 2 ڈاکوؤں کی شناخت

کراچی کے علاقوں اورنگی ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن میں شہریوں کے ہاتھوں 5 ڈاکو مارے گئے، اورنگی ٹاؤن میں ہلاک ہونے والے 3 میں سے 2 ڈاکوؤں کی شناخت ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہونے والے 3 ڈاکوؤں میں سے 2 کی شناخت امجد اور سلمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو امجد علی کے خلاف 16 مقدمات درج تھے۔

پولیس حکام نے کہا کہ تین ملزمان دکان پر ڈکیتی کر رہے تھے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

امجد پر مقدمات، الفلاح، کورنگی، ایس آئی یو، پیر آباد، شاہ فیصل، مومن آباد، سائٹ اے اور رضویہ تھانے میں درج ہیں۔

امجد علی پر مقدمات دہشت گردی، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہیں۔

دوسرے ڈاکو کی شناخت سلمان علی کے نام سے ہوئی ہے جس پر مختلف تھانوں میں 4 مقدمات درج ہیں جبکہ تیسرے ڈاکو کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

ڈاکو دکان میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دکاندار کو قتل کر کے فرار ہو رہے تھے کہ لوگوں نے انہیں پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

سرجانی ٹاؤن میں شہریوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے 2 ڈاکوؤں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.