پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، کون مسلم ہے اور کون غیر مسلم، ہم نے کبھی کوئی امتیاز نہیں کیا۔
اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے پارٹی امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ قومی لیڈروں کے سامنے پوری قوم ہوتی ہے، ان کے لیے سب برابر ہیں، جنگوں میں بھی اقلیتی برادری کے لوگوں نے قربانیاں دیں، قائد اعظم کے کئی ساتھی مسیحی اور ہندو برادری سے تھے، جنہوں نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ آئندہ آنے والے وقت میں نوجوانوں، خواتین کے کردار کو مزید فروغ دینے کی کوشش کریں گے، مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہم سب ایک ملک کے رہنے والے ہیں، میرے لیے سب برابر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اثاثہ ہیں، پاکستان اقلیتوں کے بغیر مکمل نہیں، ملک و قوم کے لیے خدمات پر اقلیتی برادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں رہنے والا ہر شخص ہمارے لیے اہم ہے، ہماری جماعت میں اقلیتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
Comments are closed.