عازمین کےلیے حج آپریشن ڈیجیٹلائزڈ کردیا گیا، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت عازمین حج کی سہولت کےلیے ریکارڈ مدت میں موبائل ایپ تیار کرلی گئی۔
نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف اور نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ ایپلی کیشن کا مشترکہ طور پر اجراء کردیا۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر این آئی ٹی بی بابر مجید بھٹی نے خطبہ استقبالیہ میں ایپلی کیشن کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ہدایت کے تحت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ حج ایپلی کیشن کا اجراء اسی سلسلے کا اہم سنگ میل ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ ایپلی کیشن میں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس کے تحت عازمین حج خود کو رجسٹرڈ کرواسکیں گے جس کے بعد وہ اپنے ذاتی کوائف کے اندراج اور اس میں مطلوبہ تبدیلی کے حوالے سے متعلقہ افسر سے فوری رابطہ کرسکیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ عازمین اپنی حج درخواست کے اسٹیٹس کو دیکھ سکیں گے کہ ان کی درخواست کس مرحلے میں ہے۔ اسی طرح اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشن سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔
ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن کی خاص بات عازمین حج روانگی سے پہلے اور دوران حج، متعلقہ اسٹاف سے متعلق کسی قسم کی شکایات کا فوری اندراج کرسکیں گے جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس طرح عازمین حج کو اپنی شکایات کی سنوائی اور ازالے کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم حاصل ہوجائے گا۔ یعنی اب عازمین حج اپنی درخواست جمع کرنے سے لے کر حج کی ادائیگی اور وطن واپسی تک ہر عمل میں ڈیجیٹلی شریک ہوں گے۔
تقریب سے خطاب میں نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے وزارت آئی ٹی اور اس کے ماتحت ادارے این آئی ٹی بی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت اور روزمرہ کے معاملات میں ٹیکنالوجی کو اپنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ حج ایپلی کیشن اس جانب اہم قدم ہے جس سے نہ صرف حکام کو کسی بھی شکایت کا جواب دینے میں مدد ملے گی بلکہ عازمین حج کے حقیقی تاثرات جاننے میں مدد بھی ملے گی۔
نگران وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اس ایپلی کیشن سے 2024 کا حج ڈیجیٹلائزڈ ہوگا، موبائل ایپلی کیشن سے وہ گم نہیں ہوں گے جبکہ ملائشین خواتین کی طرح پاکستانی خواتین حجاج کو قومی پرچم والا عبایا بھی دیں گے۔
Comments are closed.