جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ایلون مسک اٹلی کی کم شرح پیدائش سے ناخوش کیوں؟

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک اٹلی کی کم شرح پیدائش سے ناخوش ہیں۔

ایلون مسک نے اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کی برادرز آف اٹیلیئن پارٹی کی جانب سے منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران مہاجرین کے حق میں آواز اُٹھاتے ہوئے کہا کہ میں قانونی طریقے سے ہجرت کرنے کے حق میں ہوں اور اس لیے تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ایسے ایماندار کو خوش آمدید کہیں جو محنت کرنے کو تیار ہو۔

اُنہوں نے اٹلی کی شرح پیدائش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شرح پیدائش میں اضافہ نہ ہونے کی صورت میں آبادی ختم ہوجائے گی کیونکہ ہجرت مقامی آبادی میں اضافے کا متبادل کبھی نہیں بن سکتی ہے۔

ایلون مسک نے اٹلی کی کم شرح پیدائش کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ ملک میں شرح پیدائش کم ہونے کی وجہ سے وہاں سرمایہ کاری کرنے پر غور کرنے والے کاروباری افراد کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

اُنہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ کے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ’ایکس‘ کو کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا اور تمام ایڈورٹائزرز کو میں ’ایکس‘ پر واپس آتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، برانڈ ایڈورٹائزرز ہمیشہ اپنے برانڈ کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں لیکن میرے خیال میں یہ ایک مختصر مدتی مسئلہ ہے۔

یاد رہے کہ ایلون مسک جو سوشل میڈیا نیٹ ورک ’ایکس‘ کے مالک بھی ہیں اُنہیں سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ کے فلسطین اور اسرائیل کے معاملے میں غیر جانبدار ہونے پر خبردار کیا گیا تھا کہ ایڈورٹائزرز نے’ایکس‘ کا بائیکاٹ کیا تو کمپنی کو بہت نقصان ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.