جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

اے این ایف کی 14 کارروائیاں، 1 ٹن 74 کلو منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ملک کے مختلف علاقوں میں 14 کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق چھاپوں کے دوران 1 ٹن 74 کلو گرام منشیات اور 1830 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں شارعِ فیصل پر کوریئر آفس میں جاپان بھیجے جانے والے پارسل سے 10 کلو آئس جبکہ لاہور جوہر ٹاؤن میں کوریئر آفس میں قطر کے لیے بک پارسل سے 640 گرام آئس برآمد ہوئی ہے۔

فیصل آباد امین پور انٹر چینج پر گاڑی سے 110.4 کلو گرام افیون اور 403.2 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔

گوادر کے علاقے پیشوکان میں دورانِ کارروائی 130 کلو چرس برآمد کی گئی ہے۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سکھر میں شکار پور روڈ پر ٹرک سے 110 کلو چرس برآمد کی ہے۔

چمن سے 100 کلو چرس جبکہ نوکنڈی چاغی کے غیر آباد علاقے سے 84 کلو افیون برآمد ہوئی ہے۔

باجوڑ کے علاقے سے 51.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔

ورسک روڈ پر گاڑی سے 14.4 کلو گرام افیون اور 28.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب برساتی نالے سے 24 کلو چرس برآمد ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زخہ خیل خیبر میں 3 ملزمان سے 3.6 کلو گرام چرس، پشاور ایئر پورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 0.9 کلو گرام آئس اور لیبر کالونی پشاور میں گاڑی سے 2.4 کلو گرام افیون برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاک افغان بارڈر چمن پر پارسل سے 1830 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.