اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی ممکن بنائے۔
جنرل اسمبلی سے خطاب میں منیر اکرم نے کہا کہ دنیا فلسطینیوں کے یک طرفہ قتل عام پر توجہ دے، انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کا ہدف صرف حماس کا خاتمہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کا ہدف فلسطینیوں اور فلسطین کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے، اسرائیل اب تک 25 ہزار ٹن بارود غزہ پر برسا چکا ہے۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ہیروشیما اور ناگاساکی پر جو ایٹم بم گرائے گئے اتنا بارود غزہ پر برسایا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں ذمے دار دونوں فریقوں کو ٹھہرایا جائے، اگر حماس کو مورد الزام ٹہرایا گیا اور اسرائیل کو زمہ دار قرار نہیں دیا گیا تو اس سے اسرائیل کو جنگ جاری رکھنے کا جواز مل جائے گا کہ وہ فلسطینیوں پر موت مسلط کرنے کا عمل جاری رکھے۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ اگر لوگوں کو آزادی اور عزت کا حق نہ دیا جائے، انہیں ذلت کا سامنا کرنے پر مجبور کیا جائے، کھلی جیل میں رکھا جائے جہاں انہیں جانوروں کی طرح مار دیا جائے تو وہ یقینی طور پر غصے میں آئیں گے۔
اپنے خطاب میں منیر اکرم نے مزید کہا کہ ایسی صورتحال میں وہ لوگ ایسا ہی سلوک کریں گے جیسا ان کے ساتھ کیا گیا ہو۔
Comments are closed.