جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

قوم کو پتہ ہونا چاہیے کون فیصلے کرنیوالے اور کون کرانیوالے ہیں: جاوید لطیف

مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ کون فیصلے کرنے والے تھے اور کون کرانے والے ہیں، قوم کو یہ حقائق معلوم ہوں تو آئندہ انتخابات میں بہتر قیادت منتخب کر سکیں گے۔

میاں جاوید لطیف اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نصف صدی کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کا کیس سنا جا رہا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ لائیو دکھایا جا رہا ہے کہ ہوتا کیا رہا ہے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کو معلوم ہو کہ نواز شریف کے ساتھ کیا ہوا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ان سے جو انتقام لیا گیا قوم کو بتایا جائے وہ لوگ کون تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ لوگ نوازشریف کے انتقام میں اندھے تھے جنہوں نے ملک کو گرداب میں پھنسا دیا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ ملک کی بربادی کا سبب بننے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جانا چاہیے، یہ اقدام انتقام نہیں بلکہ قوم کو درست سمت لے جانے کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے سوالات اُٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا پاکستان میں کسی دوسرے قیدی کو دیسی مرغیاں کھلائی جاتی ہیں؟ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے والا تاحیات نااہل ہوگیا تو کیا فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے دہشت گرد نہیں؟ جہاں فیصلے لینے والے مجرم ہیں وہاں دباؤ میں فیصلے دینے والے بھی مجرم ہیں؟ جس طرح لاڈلے کی سہولت کاری کی گئی کیا پہلے کسی کو ایسی سہولت کاری دی گئی؟

جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ ووٹ کو عزت دو پر ہم زیادہ سختی سے قائم ہیں، 2017ء کے کرداروں پر خاموشی اختیار کرنا جرم ہے، یہ ہماری انا کا مسئلہ نہیں، اس کے بغیر ریاستِ پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.