جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پی ٹی آئی آج ہی نہیں پہلے بھی ہائی جیک ہوئی تھی: اکبر ایس بابر

پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آج ہی نہیں پہلے بھی ہائی جیک ہوئی تھی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی کی گئی، ہمارے بنیادی حقوق کو پامال کیا گیا، یہ سنگین معاملہ ہے، یہ پی ٹی آئی کے آئین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ثابت کیا گیا ہے کہ یہ لوگ پی ٹی آئی ورکرز کو اہمیت نہیں دیتے، ہم نے پی ٹی آئی کا آئین تشکیل دیا تھا، ہمارے جو تحفظات تھے کہ محض سلیکشن ہے وہ سچ ثابت ہوا، نہ ووٹر لسٹ تھی نہ ورکرز کو موقع دیا کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ یہ انٹرا پارٹی انتخابات کا سارا عمل پی ٹی آئی آئین کی خلاف ورزی ہے، بند کمروں میں چند لوگ بیٹھ کر فیصلہ کر رہے ہیں پارٹی کی قیادت کون کرے گا، آج جمہوریت کے نام پر ایک ناٹک کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن آج کا معاملہ نہیں کورونا میں ایک سال کا وقت مانگا تھا، پی ٹی آئی نے اس وقت الیکشن نہیں کرایا، آئین کی خلاف ورزی کی گئی، انٹرا پارٹی الیکشن کے نام پر فراڈ ہوا، جسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے یہ بھی کہا کہ کیسا الیکشن ہے جس میں پی ٹی آئی کے بانی اراکین شرکت نہیں کر سکتے؟ کل ہم مجبور تھے، وقت کم تھا اس لیے دفتر گئے اور کہا کہ کاغذاتِ نامزدگی اور ووٹر لسٹ دیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.