اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے اپنی دوستی کو ’میلوڈی‘ قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اٹلی کی وزیرِ اعظم نے دبئی میں ہونے والے ماحولیاتی سربراہی اجلاس ’کوپ 28‘ کی تصویر پوسٹ کی ہے جس کا سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہو رہا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہمراہ ایک سیلفی شیئر کی، تاہم تصویر سے زیادہ اس کے کیپشن میں شیئر کیے گئے ہیش ٹیک نے توجہ سمیٹ لی۔
جارجیا میلونی نے اپنی تصویر کے ہمراہ کیپشن میں لکھا کہ ’کوپ 28 میں اچھے دوست‘، اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہیش ٹیک ’Melodi‘ (میلوڈی) کا اضافہ بھی کیا۔
اٹلی کی وزیرِ اعظم کی پوسٹ کے جواب میں بھارتی وزیرِ اعظم مودی نے بھی پوسٹ شیئر کی۔
نریندر مودی نے بھی جارجیا میلونی کے ہمراہ لی گئی اسی سیلفی کے دوسرے زاوئیے کو سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شیئر کیا اور اس سیلفی کو دن کی سب سے بہترین سیلفی قرار دے دیا۔
بھارتی وزیرِ اعظم نے بھی اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیگ ’میلوڈی‘ کا اضافہ کیا۔
مذکورہ ہیش ٹیگ نے جلد ہی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی، جو دراصل انگریزی حروف تہجی میں جارجیا میلونی کے نام کے ’میلو‘ اور نریندر مودی کے نام کے ’دی‘ سے بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس طرح کے ہیش ٹیگ عموماً شادی کے دعوت ناموں یا شادی کی سوشل میڈیا پوسٹس کے ساتھ استعمال کیے جاتے ہیں، جن میں دولہا اور دلہن کے نام کے شروع اور آخر کے حروف کو ملا کر ایک نیا لفظ متعارف کروایا جاتا ہے۔
Comments are closed.