جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

بیلجیئم، پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد

بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اپنی ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

کھلی کچہری میں یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے شرکت کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کو خوش آمدید کہا اور انہیں پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان جاری تعلقات اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے حالیہ دورے پر بریف کیا۔

اس موقع پر بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کو مختلف مسائل پر سوالات کرنے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع ملا۔

سفیر پاکستان نے ساتھی پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی کے مختلف طریقہ کار اور سفارت خانے کی طرف سے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاکستانی کمیونٹی کی حمایت کے حوالے سے اٹھائے گئے دیگر اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

سفیر نے یقین دلایا کہ وہ کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنی مصروفیات جاری رکھیں گی جبکہ انہوں نے مزید لوگوں کو ای کچہری میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب بھی دی۔

شرکاء نے اس کھلی کچہری کے ذریعے سفارت خانے کی جانب سے لوگوں تک پہنچنے کی کوششوں کو بھی خوب سراہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.