بھارت کی ریاست اڑیسہ میں بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کے لیے شوہر نے کمرے میں سانپ چھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز 25 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا جس نے مبینہ طور پر اپنی 23 سالہ بیوی اور 2 سالہ بیٹی کے کمرے میں زہریلا سانپ چھوڑا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قتل کی یہ واردات ڈیڑھ ماہ قبل پیش آئی تھی جس کے لیے ملزم جھوٹ بول کر زہریلا سانپ گھر لایا تھا اور 6 اکتوبر کو اس نے زہریلے سانپ کو بیوی اور بیٹی کے کمرے میں چھوڑ دیا تھا جس وقت وہ دونوں سو رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اُس رات ملزم الگ کمرے میں سویا اور اگلی صبح اس کی بیٹی اور بیوی کی لاش کمرے سے برآمد ہوئی جن پر سانپ کے کاٹنے کی نشانات تھے۔
ابتدائی طور پر پولیس نے صرف موت کا مقدمہ درج کیا تھا تاہم مقتولہ کے والد کی جانب سے ایف آئی آر درج کرانے کے بعد ملزم سے پوچھ گجھ کے دوران انکشافات سامنے آئے۔
بھارتی پولیس کے مطابق ملزم کو واقعے کے ایک ماہ بعد گرفتار کیا گیا کیونکہ اس کے خلاف شواہد اکٹھے کرنے میں کچھ تاخیر ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزم شروع میں الزامات سے انکار کرتا رہا اور کہتا رہا کہ ہو سکتا ہے سانپ خود ہی کمرے میں داخل ہوا ہو لیکن بعد میں ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق اس کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments are closed.