جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

کراچی: اورنگی ڈکیتی کیس، ڈی ایس پی کے بعد مزید گرفتاریاں

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کے کیس سے متعلق تفتیشی حکام نے شہر کے مختلف مقامات پر آپریشن کیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی میں ملوث مزید 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں ایک ایس ایس پی ساؤتھ کا انفارمر بھی شامل ہے جبکہ گرفتار 2 ملزمان اورنگی میں پولیس کے لیے مخبری کا کام کرتے ہیں۔

اس حوالے سے تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ تینوں ملزمان اورنگی میں ڈکیتی کے وقت تاجر کے گھر میں موجود تھے تاہم زیرِ تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق کی ٹیم کا کوئی کارندہ ابھی تک گرفتار نہیں ہوا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے کہا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈکیتی کے مبینہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ اور زیرِ تربیت ڈی ایس پی سمیت 5 افراد کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، ایس ایچ او ڈیفنس شوکت اعوان 2 مرتبہ بلانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے ہیں۔

تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ ایس ایچ او شوکت اعوان نے تحریری بیان بھیجا تھا جسے مسترد کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اورنگی ٹاؤن میں تاجر شاکر خان کے گھر پولیس اہلکاروں کی ڈکیتی کا مقدمہ پیر آباد تھانے میں درج ہے اور ڈی ایس پی عمیر طارق ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہے۔

ڈی ایس پی کے ساتھی پولیس اہلکار بھی مقدمے میں گرفتار ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.