انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی سے پہلے قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کا ڈی ایچ کیو اسپتال چارسدہ میں طبی معائنہ کرایا گیا۔
ڈاکٹر کے مطابق اسد قیصر کے گلے اور سینے میں معمولی تکلیف ہے۔
اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ انتخابات کے لیے جو ماحول بنایا گیا ہے یہ کسی طور پر بھی فری اینڈ فیئر نہیں، ہم پر سلیکٹڈ کا الزام لگانے والی اپوزیشن آج خود سلیکٹڈ پلس بن گئی۔
اسد قیصر نے کہا کہ اس ماحول میں اگر انتخابات ہوئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا، پی ٹی آئی کے خلاف سارا ظلم و جبر نواز شریف اور مسلم لیگ ن کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو وزیرِ اعظم بنانا ہے تو انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں، ایسے انتخابات سے بہتر ہے نگراں کی طرح نواز شریف کی وزارتِ عظمیٰ کا نوٹیفکیشن کر دیں۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ پارٹی کی لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو چارسدہ پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
اینٹی کرپشن عدالت نے اسد قیصر کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔
ان پر گجو خان میڈیکل کالج صوابی کے لیے سامان کی خریداری میں خوردبرد کا الزام ہے۔
Comments are closed.