جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

اسرائیلی فورسز کو الشفاء اسپتال میں کیا ملا؟

اسرائیلی قابض فوجیوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے غزہ کے الشفا اسپتال سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے اور اسے اسرائیلی فورسز کامیابی قرار دے رہی ہیں۔

اسرائیلی فورسز کا دعویٰ ہے کہ غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفاء کو حماس کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کر رہا ہے، اس کی بنیاد پر انہوں نے گزشتہ دو روز سے الشفاء اسپتال کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔

اب انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں الشفاء اسپتال میں جاری آپریشن میں کامیابی ملی ہے، آخر اسرائیلی فورسز کو اسپتال سے کیا ملا ہے؟

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مبینہ طور پر غزہ کے الشفاء اسپتال کے اندر کی ویڈیو جاری کی ہے، جس کے مطابق انہوں نے اسپتال کی ایک ایم آر آئی لیب سے 3 ڈفل بیگز برآمد کیے ہیں، جن میں ایک رائفل، دستی بم، حماس کی وردی اور فلک جیکٹس موجود تھیں۔

ترجمان کا دعویٰ ہے کہ قابض اسرائیلی فوج کی تلاشی کے دوران کلپس کے بغیر رائفل اور ایک لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان جوناتھن کونریکس کا کہنا ہے کہ ان ہتھیاروں کا اسپتال کے اندر ہونے کا قطعی طور پر کوئی جواز نہیں ہے اور ممکن ہے کہ آپریشن جاری رکھا جائے تو مزید اسلحہ برآمد ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ الشفاء اسپتال پر چھاپے کے ابتدائی ایام میں اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس الشفاء اسپتال کے زیرِ زمین سرنگیں استعمال کر رہی ہے، الشفاء اسپتال کو حماس بطور کمانڈ سینٹر اور فوجی چوکی استعمال کر رہا ہے۔

امریکا نے بھی اسرائیل کی جانب سے کیے گئے ان دعوؤں کی حمایت اور اس بنیاد پر اسرائیلی فورسز نے الشفاء اسپتال کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔

تاہم گزشتہ دو روز سے جاری اس آپریشن کے نتیجے میں اسرائیل تاحال حماس کے زیر انتظام سرنگوں یا فوجی کمانڈ سینٹر کے شواہد سامنے نہ لا سکا۔

دوسری جانب اسرائیلی فورسز کی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیوز اور تصاویر پر صارفین نے ان کی صداقت پر کئی سوالات اُٹھا لیے، جس کے بعد اسرائیلی فوج اپنی جھوٹی ویڈیوز و تصاویر ہٹانے پر مجبور ہو گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.