جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ہماری پالیسیوں کے سبب پیپلز پارٹی سیاسی طور پر تنہا ہوگئی، خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج ہماری پالیسیوں کے سبب پیپلز پارٹی سیاسی طور پر تنہا ہوگئی۔ آئندہ الیکشن میں حق پرست نئی تاریخ رقم کرینگے۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا ہم اپنی اور دوسروں کی غلطیوں سے اتنا سیکھ گئے ہیں کہ اب پاکستان اقوام عالم میں سر اٹھا کر چلے گا۔ 

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی تاریخ کی آخری اننگز کھیلنے جا رہی ہے۔ پچاس سال کی تاریخ میں دھوکہ اور کرپشن کے علاوہ پیپلز پارٹی کے پاس کچھ نہیں۔ آج ہماری پالیسیوں کے سبب پیپلز پارٹی سیاسی طور پر تنہا ہوگئی۔ اس سے کوئی بھی سیاسی جماعت بات کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا جنہوں نے پاکستان بنانے کا مکالمہ شروع کیا ان کی اولادوں کو اب پاکستان بچانے کا مکالمہ شروع کرنا پڑا، کن حالات نے مہاجروں کو ایک نئی تحریک شروع کرنے کا حوصلہ دیا۔ اورنگی ٹاؤن والوں نے نظریہ پاکستان کو بچا کر آج بھی رکھا ہوا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم سے کوئی حب الوطنی کا سرٹیفیکٹ مانگ نہیں سکتا۔ اب حب الوطنی کا سرٹیفیکٹ لیاقت آباد چھاپے گا اور اورنگی ٹاؤن بانٹے گا۔ 

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کل کا پاکستان قائداعظم کا پاکستان تھا اور آج کا پاکستان بھٹو کا پاکستان ہے۔ پاکستان کے عوام بتائیں کہ کل کا پاکستان بہتر تھا کہ آج کا پاکستان بہتر ہے۔ 

کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ مہاجروں نے ثابت کر دیا جو بناتا ہے وہ ہی چلا سکتا ہے۔ بانیان پاکستان کے ارادوں سے ہی پاکستان بن سکتا ہے بچ سکتا اور چل بھی سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت ہی پاکستان کی شناخت ہے۔ اسلام کے نام پر پاکستان کے لئے اگر کسی نے قربانی دی ہے تو وہ صرف مہاجر ہیں۔ ہم خوش نصیب تھے آزادی ملی اور ہم بدنصیب تھے کہ اسکی قدر نہ کرسکے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.