جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان انتقال کر گئے

خیبر پختون خوا کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محمد اعظم خان انتقال کر گئے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان کو ڈائریا کی شکایت پر طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث گزشتہ شب پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا جہاں آج ان کا انتقال ہو گیا۔

مرحوم اعظم خان کی نمازِ جنازہ آج دوپہر 3 بجے ان کے آبائی علاقے چارسدہ میں ادا کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد نے کہا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے انتقال کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہوچکی ہے۔

کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام اختیارات گورنر کے پاس چلے گئے۔

اعظم خان ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور کمشنر کے عہدوں پر بھی کام کیا تھا اور وہ چیف سیکریٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اعظم خان نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ خیبر پختون خوا کی حکومت کے خاتمے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی جانب سے اعظم خان کا نام پیش کیا گیا تھا اور جب یہ نام سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے سامنے رکھا گیا تھا تو انہوں نے فوری طور پر اعظم خان کو نگران وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا تعینات کرنے کی منظوری دیدی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.