جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

سینیٹ اجلاس میں شرکت کیلئے اعجاز چوہدری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے غزہ کی صورتِ حال پر سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدالت نے سینیٹر اعجاز چوہدری کی غزہ کی صورتِ حال سے متعلق ہونے والے سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا ہے۔

سماعت کے دوران  وکیل عمیر نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ سینیٹ کے اجلاس کے لیے اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ تو سینیٹ کی صوابدید ہے کہ وہ اپنے جس بھی ممبر کو بلائیں، یہ سینیٹ کا اندرونی معاملہ ہے، یہ عدالت ایسی کوئی ہدایات نہیں دے سکتی۔

وکیل نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں، سینیٹ اجلاس میں انہیں شرکت کی اجازت ہونی چاہیے۔

جسٹس محسن کیانی نے سوال کیا کہ کیا عدالت چیئرمین سینیٹ کو ہدایات دے سکتی ہے؟ درخواست گزار سینیٹ کا ممبر ہے، سینیٹ نے بلانا ہے کورٹ نے نہیں۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.