جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہیں، وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہی ہوں گے، رہنما پیپلز پارٹی

پیپلز پارٹی کے رہنما شہلا رضا اور عاجز دھامرا کا کہنا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہیں، وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہی ہوں گے۔

 ترجمان پیپلز پارٹی سندھ عاجز دھامرا اور شہلا رضا نے کراچی میں اہم پریس کانفرنس کی۔

اس دوران شہلا رضا نے اعلان کیا کہ اس بار پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس کوئٹہ میں ہوگا۔

رہنما پی پی شہلا رضا کا کہنا تھا کہ آج بھی پیپلز پارٹی مقدمات کا سامنا کر رہی ہے، ہم بیمار بھی ہو جائیں پھر بھی ملک میں رہیں گے، لوگ خود کو جلا وطن کہہ رہے ہیں اور رو بھی رہے ہیں، اپوزیشن کا کردار پیپلز پارٹی نے ادا کیا چاہے وفاق ہو یا پنجاب۔

شہلا رضا نے کہا کہ ہم ہر اس پارٹی کے ساتھ ہیں جو ملک کے مفاد میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، دوسروں پر الزام لگانا اور خود کو اچھا ثابت کرنا لوگوں کی پرانی عادت ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ لوگ پہلے انصاف واشنگ پاؤڈر لگا کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے پھر استحکام پاؤڈر لگا کر خالی کرسیوں سے خطاب کیا جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے مقاصد میں کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

’پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے‘

دوسری جانب پی پی رہنما عاجز دھامرا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ  الیکشن کا ماحول ہے پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ مخالفین کو منہ توڑ جواب ہے، پارٹیوں کا اتحاد اس بات کی دلیل ہے پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے بار بار الیکشن کی تاریخ پر زور دیا، پیپلز پارٹی نے انتخابات کے لیے جو آواز اٹھائی وہ پوری ہوئی۔

عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ لوگوں کو تبدیلی کا جھانسہ دیا گیا اور پیچھے کرپشن کی جا رہی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کو یہ کرپشن نظر کیوں نہیں آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے صحت کے شعبے پر کام کیا، ہمارا مقابلہ کرنے کے لیے ہم پر الزامات لگائے جاتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 13 نومبر کو مٹھی سے الیکشن مہم شروع کر رہے ہیں، ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہیں، ہم انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.