جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پی ٹی آئی نے 24 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا

پاکستان تحریک انصاف نے 24 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔ چارٹر آف ڈیمانڈ مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے بھجوایا گیا۔ 

اس حوالے سے جاری خط کے مطابق 11 اکتوبر کو الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی وفد نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر مشاورت کیلئے ملاقات کی۔ 

اسلام آباد سے جاری خط کے متن کے مطابق بیرسٹر گوہر علی، بابر اعوان، سینیٹر علی ظفر پر مشتمل وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شفاف اور منصفانہ انتخاب کیلئے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا۔

سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے پولیٹیکل انگیجمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

خط کے متن کے مطابق چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کی توجہ دلانے کیلئے ایک بار پھر پیش کیا جا رہا ہے۔ عام انتخابات کے تناظر میں تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن 90 روز کی مدت کے اندر انتخاب کے انعقاد کا شیڈول جاری کرے۔ 

خط کے متن کےمطابق پی ٹی آئی اراکین کو گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں جیسے اقدامات سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اس وقت بے بنیاد اور من گھڑت مقدمے میں پابند سلاسل ہیں۔ 

خط کے متن کے مطابق تحریک انصاف کے جھنڈوں سے لے کر پارٹی میڈیا پر نشر کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔ معاملہ جمہوریت کیلئے بھی انتہائی سنگین اور تشویش کا باعث ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.