منگل22؍ربیع الثانی 1445ھ7؍نومبر2023ء

ٹائم آؤٹ کا فیصلہ شرمناک ہے: اینجیلو میتھیوس

سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجیلو میتھیوس نے بنگلادیش کیخلاف میچ میں امپائر کی جانب سے ’ٹائم آؤٹ‘ کے فیصلے کو ’شرم ناک‘ قرار دے دیا۔

سری لنکن بیٹر اینجیلو میتھیوس گزشتہ روز میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے کے معاملے پر بنگلا دیشی کھلاڑی شکیب الحسن پر برس پڑے۔

انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے 15 برسوں کے کیریئر میں کبھی کسی ٹیم کو اس قدر گرتے ہوئے نہیں دیکھا، بنگلا دیش نے جو کیا وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق میرے پاس تیار ہونے کے لیے 2 منٹ تھے اور میں اس دوران گراؤنڈ میں پہنچ گیا تھا لیکن ہیلمٹ خراب تھا، اگر وہ (بنگلا دیش) جیتنے کے لیے اس قدر گر سکتے ہیں تو یہ غلط ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی حفاظت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے دوران کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہوتی ہے، کچھ بھی ہو جائے وکٹ کیپر بھی کبھی ہیلمٹ کے بغیر نہیں کھیلتا۔

اینجیلو میتھیوس نے کہا کہ بنگلا دیش تھا اسی لیے ایسا ہوا، مجھے نہیں لگتا کہ کسی اور ٹیم نے ایسا کیا ہو گا۔

سری لنکن کھلاڑی نے ویڈیو ثبوت کی بنیاد پر دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس ویڈیوز ہیں، 2 منٹ مکمل ہونے میں ابھی 5 سیکنڈ باقی تھے لیکن اس سے قبل ہی شکیب الحسن نے ’ٹائم آؤٹ‘ کی اپیل کر دی، امپائر چاہتے تو ریویو کر سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ اگر میں کھیلتا تو میری ٹیم جیت جاتی لیکن جو ہوا وہ غط تھا، شکیب کے لیے میرے دل میں کافی عزت تھی جو اب ختم ہو چکی ہے۔

دوسری جانب شکیب الحسن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ایک سال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے فیصلے پر کوئی شرمندگی نہیں ہے کیونکہ قانون یہی کہتا ہے اور اگر کسی کو مسئلہ ہے تو آئی سی سی کو اپنے قوانین تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں جاری انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2023ء میں گزشتہ روز دو بار تاریخ رقم ہوئی، پہلی سری لنکن کھلاڑی اینجیلو میتھیوس کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے جبکہ ورلڈ کپ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.