اتوار 20؍ربیع الثانی 1445ھ 5نومبر2023ء

جیف بیزوس کے نئے گھر کے بارے میں دلچسپ حقائق

معروف امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایمزون کے بانی جیف بیزوس بہت جلد سیئٹل سے میامی منتقل ہونے والے ہیں۔

جیف بیزوس کی سیئٹل سے میامی میں منتقلی کی خبر سامنے آنے کے بعد کافی لوگ ان کے نئے گھر کے بارے میں جاننے کے لیے بہت پُرجوش ہیں۔

اس حوالے سے بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جیف بیزوس نے میامی میں جہاں منتقل ہونے کا ارادہ کیا ہے وہ ایک پرائیویٹ جزیرہ ہے جہاں امریکا کی چند امیر ترین مشہور شخصیات کے محل نما گھر موجود ہیں۔

انڈین کریک نامی یہ جزیرہ میامی کے علاقے بسکین بے میں واقع ہے جو 300 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔

اس جزیرے کی تاریخ کے بارے میں میامی میوزیم کے مورخ پال جارج نے انکشاف کیا ہے کہ اس جزیرے کی ترقی کا آغاز پہلی بار 1920ء کی دہائی میں رئیل اسٹیٹ کے عروج کے دوران ہوا۔

پال جارج کے مطابق اس جزیرے کو بطور اطالوی بحیرۂ روم کمیونٹی ڈیزائن کیا گیا تھا۔

1939ء میں انڈین کریک کو قانونی حیثیت ملنے کے بعد یہاں کی کمیونٹی کو پولیس فورس اور سمندری گشت فراہم کرنے کے لیے پولیس ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا تھا۔

اب یہ جزیرہ درجنوں رہائش گاہوں، ایک گالف کورس، ایک کنٹری کلب اور خوبصورت قدرتی مناظر پر مشتمل ہے جہاں کئی نامور شخصیات بھی رہائش پذیر ہیں۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اس جزیرے کے بارے میں یہ بات بھی مشہور ہے کہ یہاں تک جانے کا واحد راستہ دو لین والے ایک پل سے گزرتا ہے جس پر مسلح فوجیوں کی مسلسل نظر رہتی ہے۔

واضح رہے کہ جیف بیزوس نے اکتوبر میں انڈین کریک میں 79 ملین ڈالرز میں ایک خوبصورت مینشن خریدا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.