جمعہ 18؍ربیع الثانی 1445ھ3؍نومبر2023ء

امریکی شہری نے 186 پاؤنڈز کی شکر قندی اگا لی، ورلڈ ریکارڈ کیلئے پُرامید

امریکی ریاست جورجیا کے ایک شہری نے 186 پاؤنڈز کی شکر قندی کاشت کر لی ہے اور اب وہ گینیز ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کاؤنٹی کے رہائشی ڈیوڈ اینڈرسن نے یونیورسٹی آف جورجیا کے ایکسٹینشن ایجنٹ راکی ​​ٹینر اور واشنگٹن کاؤنٹی کے شیرف جوئل کوچران کو بطور گواہان اپنی پراپرٹی پر اگائی ہوئی شکر قندی دکھانے کے لیے بلایا۔

اس حوالے سے ڈیوڈ اینڈرسن نے میڈیا کو بتایا کہ اس سال شکر قندی اگانے کے موسمی حالات بہت اچھے تھے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کے سب سے بھاری شکر قندی اگانے کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شکر قندی کی فصل ایک جڑ سے اگائی گئی ہو۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فصل کی کٹائی اور وزن کے شواہد تصدیق کے لیے گینیز ورلڈ ریکارڈز میں جمع کروا دیے گئے ہیں لیکن ڈیوڈ اینڈرسن کو ابھی یہ ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے کئی مہینوں تک انتظار کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل 2004ء میں یہ ریکارڈ اسپین کے مینوئل پیریز نے81 پاؤنڈز اور 9 اونس کی شکر قندی اگا کر اپنے نام کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.