جمعہ 18؍ربیع الثانی 1445ھ3؍نومبر2023ء

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 6 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

حکومت کے مثبت معاشی اقدامات کے اثرات نظر آنے لگے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ساڑھے چھ سال بعد 53 ہزار پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرگیا، پہلے سیشن کے اختتام پر انڈیکس کی نئی بلند ترین سطح 53 ہزار 263 رہی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کے آغاز سے جاری مثبت رجحان کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی برقرار رہا۔ انڈیکس آج تاریخ کی بلند ترین سطح 53 ہزار 263 پر پہنچا۔ 

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ ساڑھے چھ سال بعد بینچ مارک انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ معاشی بے یقینی میں کمی سے مارکیٹ مزید بہتر ہوسکتی ہے۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے سربراہ کا کہنا ہے کہ معیشت پر زیادہ توجہ، آگے بڑھنے کیلئے مالیاتی معاملات سے متعلق مثبت امکانات اور آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب کے ساتھ تکمیل کی امید مثبت رجحان کے معاون عوامل ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کی سطح 20 ماہ کی بلند ترین سطح پر رہی اور انڈیکس کاروباری ہفتے میں 1156 پوائنٹس مثبت رہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.