جمعہ 18؍ربیع الثانی 1445ھ3؍نومبر2023ء

ممبئی: سکون کی متلاشی خاتون کو پولیس نے خدمت کی یقین دہانی کروا دی

سکون کی تلاش میں بھارتی خاتون نے ممبئی پولیس سے مدد طلب کر لی، ممبئی پولیس نے بھی دلچسپ انداز میں خدمت کی یقین دہانی کروا دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ویدھیکا آریا نامی خاتون صارف نے اپنی زندگی سے کھوئے ہوئے سکون کی تلاش میں پولیس سے مدد طلب کر لی۔

خاتون صارف نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں پولیس اسٹیشن جا رہی ہوں، ’سکون‘ کھوگیا ہے میرا۔

ساتھ ہی انہوں نے ممبئی پولیس کو بھی ٹیگ کر دیا۔

مذکورہ غیر سنجیدہ نوعیت کی سوشل میڈیا پوسٹ نے جیسے ہی ممبئی پولیس کی توجہ حاصل کی تو انہوں نے بھی منفرد انداز میں خاتون کو خدمت فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔

ممبئی پولیس نے جواباً خاتون کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ہم میں سے بہت سے دیگر لوگ بھی ’سکون‘ کی ’تلاش‘ میں ہیں مس آریا، ہم پر ’اعتبار‘ کرنے کا شکریہ اور ہمیں یقین ہے کہ سکون کو آپ اپنی ’روح‘ کے اندر پائیں گی، ’بے شک‘ کسی بھی پریشانی کی صورت میں آپ ہم سے رابطہ کر سکتی ہیں۔

ممبئی پولیس کی جانب سے کی گئی اس پوسٹ نے فوراً ہی صارفین کی توجہ اپنی مبذول کروا لی اور دیکھتے ہی دیکھتے ڈیڑھ لاکھ سے زائد صارفین نے اس پر ردِ عمل ظاہر کیا اور ممبئی پولیس کے جواب کو پسند کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.