جمعہ 18؍ربیع الثانی 1445ھ3؍نومبر2023ء

آئی ایم ایف سے مذاکرات، ایف بی آر کی عملدرآمد رپورٹ تیار

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ریونیو ٹارگٹ، ریفنڈز ادائیگیاں اور ٹیکس چھوٹ پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے مذاکرات ہوں گے، ایف بی آر کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے گی۔

آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق ٹیکس چھوٹ ختم کرنے پر ایف بی آر کی عملدرآمد رپورٹ تیار ہے۔

ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے ستمبر انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں کا ٹارگٹ حاصل کرلیا گیا، ستمبر 2023ء تک انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیاں250 ارب روپے تک محدود کی جانی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر 2023ء تک انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں کو 200 ارب تک محدود کیا گیا، آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر پلان کے مطابق انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں میں بتدریج کمی کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قرض پروگرام میں رہتے ہوئے ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس چھوٹ نہیں دی۔ ریونیو ٹارگٹ، ریفنڈز ادائیگیاں اور ٹیکس چھوٹ پر آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد جاری ہے۔

اسی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایمنسٹی اسکیم بھی متعارف نہیں کرائی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.