پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ آفیشلی الیکشن کمیشن نے کوئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
فاروق ایچ نائیک نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خبریں آتی رہیں مگر چیف الیکشن کمشنر نے اس سےقبل انتخابات کی کوئی تاریخ نہیں دی، میں پر امید ہوں کہ آج انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور صدرِ مملکت کو ماننا پڑے گا، وہ کیوں نہیں مان رہے، آج کے فیصلے کے بعد مشاورت ہو گی۔
پیپلز پارٹی کے وکیل نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر صدر سے ملاقات میں مشاورت کریں گے، ان شاء اللّٰہ 11 فروری کو انتخابات ہوں گے، اب الیکشن ہونے کا ابہام ختم ہو چکا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ صدر نے اسمبلیاں تحلیل ہونے کے فوراً بعد کوئی تاریخ نہیں دی تھی، الیکشن کمیشن کا کام انتخابات منعقد کروانا ہے، الیکشن کمیشن نے کافی کام کرنے تھے جو وقت لیتے ہیں۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ صدر پاکستان الیکشن کمیشن کے ماتحت نہیں ہیں، آج کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کی جیت ہے، ہماری آواز ہمیشہ اٹھی ہے کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن 90 دن میں ہونا چاہیے تھے جو نہیں ہوئے۔
اُنہوں نے کہا کہ صدر الیکشن کی تاریخ کے لیے الیکشن کمیشن کے مشورے کے پابند نہیں، یہ پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کی جیت ہے، حکومت کس کی بنتی ہے، یہ وقت بتائے گا۔
پیپلز پارٹی کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ ہم ہمیشہ سے کہتے ہیں کہ الیکشن جلد سے جلد ہوں، امید ہے کہ جمہوریت کی بقا ہو گی، سیاسی استحکام ہو گا۔
Comments are closed.