منگل15؍ربیع الثانی 1445ھ31؍اکتوبر 2023ء

ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کر لیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کر لیا۔

اعلامیہ کے مطابق ایف بی آر نے 34 فیصد اضافے سے 2 ہزار 748ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے، گزشتہ سال اسی عرصے میں 2 ہزار 159 ارب روپے کے محصولات حاصل ہوئے تھے۔

ایف بی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال پہلے 4 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2 ہزار 682 ارب روپے تھا، ایف بی آر نے اپنے ہدف سے 66 ارب روپے زیادہ اکٹھے کیے۔

اعلامیہ کے مطابق ایف بی آر نے اکتوبر میں 707 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے، اکتوبر کےلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 516 ارب روپے تھا۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 158ارب روپے کے ری فنڈ ادا کیے۔

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران تقریباً 29 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے، گزشتہ سال مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 25 لاکھ 70 ہزار افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.