منگل15؍ربیع الثانی 1445ھ31؍اکتوبر 2023ء

افغان خاندان کا انخلا کے نوٹس کیخلاف عدالت سے رجوع

جہلم کے رہائشی افغان خاندان نے انخلا کے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ جسٹس عامرفاروق نے افغان شہری کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق صرف غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس جانے کا کہا گیا ہے، درخواست گزار اور اس کی اہلیہ کے پاس مہاجر کارڈ موجود ہے، درخواست گزار کے 3 بچے کم عمر ہیں اور اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں۔

وکیل نے کہا کہ 23 اکتوبر کو وزارت داخلہ کے اہلکاروں نے ہماری رہائش گاہ پر آکر افغانستان واپس جانے کا کہا، درخواست گزار نے وزارت داخلہ اور سیفران کو معاملے پر درخواست دی لیکن شنوائی نہ ہوئی، ہراساں کیے جانے کے عمل کو روکا جائے، ہمیں سنے بغیر اداروں کو کوئی سخت ایکشن لینے سے روکا جائے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

دوسری جانب یکم نومبر سے غیرقانونی غیرملکی افراد کی وطن واپسی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

ملک بھر میں غیرقانونی غیرملکی افراد کی وطن واپسی کے لیے 49 ہولڈنگ ایریاز بنائے گئے ہیں، پوائنٹس کا مقصد جانے والے افراد کی جانچ پڑتال کر کے باعزت طریقے سے بارڈر پار کرانا ہے۔

پنجاب میں تمام 36 اضلاع میں ہولڈنگ سینٹرز بنا دیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 3ہولڈنگ پوائنٹس پشاور، ہری پور اور لنڈی کوتل میں بنائے گئے ہیں۔

سندھ میں 2 ہولڈنگ پوائنٹس کیماڑی اور ملیر میں بنائے گئے ہیں۔

بلوچستان میں 3 ہولڈنگ پوائنٹس کوئٹہ، پشین اور چاغی میں بنائے گئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں ایک، ایک ہولڈنگ پوائنٹ بنایا گیا ہے۔

وطن واپسی کے لیے 8 کراسنگ پوائنٹس استعمال کیے جائیں گے۔

کراچی میں سلطان آباد حاجی کیمپ میں غیرقانونی تارکین وطن کے لیے ہولڈنگ کیمپ قائم کیا گیا ہے۔

 انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تارکین وطن ہولڈنگ کیمپ میں خیمے لگائے جا رہے ہیں، خواتین اور مردوں کو الگ الگ فلورز پر رکھا جائے گا، ہولڈنگ کیمپ میں میڈیکل کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نادرا کے ذریعے کیمپ لائے گئے افراد کا رکارڈ چیک ہو گا، ہولڈنگ کیمپ پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

پنجاب حکومت نے غیر قانونی مقیم افرادکی واپسی کیلیے انتظامات مکمل  کر لیے ہیں۔

نگراں وزیرِ داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو کل سے گرفتار کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ پر قائم پناہ گاہ کو ہولڈنگ کیمپ بنایا گیا ہے، صوبے کے ہر اضلاع میں ہولڈنگ کیمپ بنا دیا گیا،  نادرا اور ایف آئی اے کے اہلکار کیمپوں میں کاغذات کی جانچ پڑتال کریں گے، طورخم باڈر کے راستے غیر قانونی مقیم افغانیوں کو واپس بھجا جائے گا، طورخم بارڈر پر ہر صوبے کے لیے 2 دن مختص کر دیے گئے ہیں۔

پنجاب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو جمعے اور ہفتے کو واپس بھیجا جائے گا، کے پی کے سے 4 کراسنگ پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظفر گڑھ میں103 افغان شہری قانونی دستاویزات کے ساتھ رہائش پذیر تھے، 12 افغان شہری رضا کارانہ طور پر واپس افغانستان چلے گئے، قانونی دستاویزات کے حامل 91 افغان شہری رہائش پذیر ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.