منگل15؍ربیع الثانی 1445ھ31؍اکتوبر 2023ء

نگراں وزیرِ اعظم و وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ملاقات، اندرونی کہانی

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں نگراں وزیرِ اعظم اور نگراں وزیرِ اعلیٰ نے اتفاق کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی تاریخ پر الیکشن کرائیں گے۔

ملاقات میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے 31 اکتوبر کے بعد سخت اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے وفاقی حکومت چاروں صوبوں سے مکمل تعاون کرے گی، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا عمل عزت سے مکمل کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے برق رفتاری سے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کی کام کرنے کی غیرمعمولی رفتار اور معیار دیگر صوبوں سے بہت آگے ہے۔

نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ بلاشبہ پنجاب حکومت کی کارکردگی دیگر صوبائی حکومتوں کے لیے رول ماڈل ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے محسن نقوی نے فوری اقدامات کیے۔

ذرائع نے بتایا کہ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب خود میدان میں نکلے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے بے مثال کام کیا، محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب میں ناصرف کام ہو رہے ہیں بلکہ نظر بھی آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ کی کام اور ڈیلیور کرنے کی غیر معمولی صلاحیت ہی بنیادی فرق ہے جو ہر سطح پر نظر آ رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.