ہفتہ 12؍ربیع الثانی 1445ھ28؍اکتوبر 2023ء

برسلز: 27 اکتوبر کو کشمیر یوم سیاہ کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان میں سیمینار

27 اکتوبر کو کشمیر یوم سیاہ کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان برسلز میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے شرکاء میں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن، تھنک ٹینکس اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافی شامل تھے۔

سیمینار کی ابتداء میں یوم سیاہ کی اہمیت اور بھارتی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کو اُجاگر کرنے والی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس کے بعد مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی شائستہ صافی اور مزمل ایوب ٹھاکر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دونوں مقررین نے اپنی جلاوطنی، جسمانی اور ذہنی اذیت کی کہانی بیان کی۔

انہوں نے سامعین کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی قابض حکومت کے وحشیانہ ظلم کے متاثرین کی آپ بیتیاں اور اس پر مختلف اداروں کی غیر جانبدار شہادتیں بھی بیان کیں۔

انہوں نے انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے ذریعے کشمیر کی بربادی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے اپنے مضبوط مؤقف کا اعادہ کیا۔

سیمینار کے شرکاء کےلیے پاکستان سے بھیجے گئے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے بعد اب کشمیر کا غیر قانونی الحاق کیا جارہا ہے جس کی نہ صرف کشمیری اور پاکستانی عوام نے مذمت کی ہے بلکہ پوری مہذب انسانیت اس کی مذمت کرتی ہے۔ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تمام اصولوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے کیے جانے والے وحشیانہ مظالم کو اُجاگر کیا اور عالمی برادری سے انسانی حقوق اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کے مسئلہ پر آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں 27 اکتوبر کی مناسبت سے صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات بالترتیب سفیر آمنہ بلوچ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن فراز زیدی اور وزیر (کسٹمز) اسد رضوی نے حاضرین تک پہنچائے۔

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیر یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ 

76 سال قبل آج ہی کے دن بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے ریاست جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کرلیا تھا۔ اس کے بعد سے بھارت نے نہتے اور معصوم کشمیریوں پر دہشت کا راج طاری کر رکھا ہے، جو اپنے حق خود ارادیت کے لیے کوشاں ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.