جمعہ 11؍ربیع الثانی 1445ھ27؍اکتوبر 2023ء

خراب امپائرنگ اور خراب قوانین پاکستان کو میچ میں مہنگے پڑگئے، ہربھجن سنگھ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں خراب امپائرنگ اور خراب قوانین پاکستان کو مہنگے پڑگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام  میں ہربھجن سنگھ نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو قانون تبدیل کرنا چاہیے۔

سابق بھارتی آف اسپنر کا کہنا ہے کہ گیند اسٹمپ کو لگ رہی ہے تو اُسے آؤٹ دینا چاہیے، چاہے امپائر اُسے آؤٹ دے یا نہ دے، اگر یہی قانون ہے تو پھر ایسی ٹیکنالوجی کا فائدہ کیا؟

سوشل میڈیا پر کرکٹ شائقین کی جانب سے بھی جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں امپائرنگ پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقا کی اننگز کے 46ویں اوور کی آخری گیند پر پروٹیز کو جیت کے لیے 8 رنز جبکہ پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔

اس وقت حارث رؤف نے جنوبی افریقا کے ٹیل اینڈر بیٹر تبریز شمسی کو گیند کروائی جو ان کے پیڈ پر لگی، پاکستانی ٹیم کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی گئی، مگر آن فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا، جس پر پاکستان نے ری ویو لینے کا فیصلہ کیا۔

ری ویو میں نظر آیا کہ حارث کی گیند وکٹ کو معمولی چھو رہی ہے لیکن آن فیلڈ امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ دیا گیا تھا اس لیے وہ امپائر کالز کی وجہ سے ری ویو کے بعد بھی ناٹ آؤٹ ہی رہا۔

اگر امپائر حارث کی اس گیند پر آؤٹ دے دیتے تو پاکستان میچ جیت جاتا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے ری ویو لینے پر بھی آؤٹ ہی قرار دیا جاتا۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 270 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، 271 رنز کا ہدف جنوبی افریقا ٹیم نے 47 اعشاریہ 2 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.