بدھ 9؍ربیع الثانی 1445ھ25؍اکتوبر 2023ء

ورلڈکپ: جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو 149 رنز سے شکست دیدی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو باآسانی 149 رنز سے شکست دے دی۔ 

جنوبی افریقی بیٹرز نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے بنگلادیش کو جیت کےلیے 383 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 

ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

اننگز کے ابتدائی 8 اوورز کے دوران جنوبی افریقہ نے 36 رنز پر 2 وکٹیں گنوائیں۔ ریزا ہینڈرکس 12 اور راسی ونڈر ڈوسن 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اِن فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کوک ایک اینڈ پر جمے رہے۔

ابتدائی دو وکٹیں گنوانے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور ایڈن مارکرم نے پارٹنرشپ قائم کی اور اسکور 167 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 30.4 اوورز میں ایڈن مارکرم 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد چوتھی وکٹ پر کوئنٹن ڈی کوک اور ہینرک کلاسین کے درمیان 87 گیندوں پر 143 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے بنگلادیشی بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔ 

جنوبی افریقہ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے  باز کوئنٹن ڈی کوک تھے، انہوں نے 174 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔

اننگز کے اختتامی لمحات میں ہینرک کلاسین کا بلہ رنز اگلتا رہا اور نئے آنے والے بلے باز ڈیوڈ ملر نے بھی خوب ہاتھ صاف کیا۔ 

کلاسین آخری اوور میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ 

ڈیوڈ ملر نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ مارکو یانسین نے ایک رن بنایا۔ 

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن میراز، شریف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اور آدھی ٹیم 58 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب لٹن داس 22، تنزید حسن 12، مشفق الرحیم 8، شکیب الحسن ایک اور نجم الحسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ 

محمداللّٰہ نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ جنوبی افریقی بولرز کا مقابلہ کیا اور میچ کو 47ویں اوور تک لے گئے۔ وہ 111 گیندوں پر 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ ان کی ورلڈکپ مقابلوں میں مجموعی طور پر تیسری سنچری تھی۔ 

ٹیل اینڈرز میں نسیم احمد نے 19، حسن محمود نے 15، مہدی حسن میراز اور مستفیض الرحمان نے 11، 11 جبکہ شرف الاسلام نے 6 رنز بنائے۔ 

بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 اعشاریہ 4 اوورز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔  

جنوبی افریقہ کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی نے 3، مارکو یانسین، لزاڈ ولیمز اور کگیسو رباڈا نے دو دو جبکہ کیشو مہاراج نے ایک وکٹ لی۔

جنوبی افریقی بلے باز کوئینٹن ڈی کوک کو 174 رنز کی باری کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

خیال رہے کہ اس میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت ایڈن مارکرم اور بنگلادیش کی قیادت شکیب الحسن نے کی۔ 

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ ٹیمبا باووما میچ نہیں کھیلیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ورلڈکپ میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔

اس موقع پر شکیب الحسن نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو پچھلے ورلڈکپ میں ہرا چکے ہیں اس لیے پُراعتماد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے تھے کہ پہلے بیٹنگ کریں، جنوبی افریقہ کو کم اسکور پر محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ ایونٹ میں جنوبی افریقہ کی چوتھی کامیابی ہے جس کے ساتھ ہی وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر چلی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کا تیسرا اور آسٹریلیا کا چوتھا نمبر ہے۔ ٹیبل پر پاکستانی ٹیم پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.