جمعہ 4؍ربیع الثانی 1445ھ20؍اکتوبر 2023ء

سابق آرمی چیف کا قریبی رشتے دار صابر مٹھو ایف آئی اے میں طلب

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے قریبی رشتے دار صابر مٹھو کو طلب کرلیا۔

ایف آئی اے نے صابر مٹھو کو اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت 23 اکتوبر کو طلب کیا ہے۔

ایف آئی اے نے صابر مٹھو کے خلاف کال اپ نوٹس ان کی 3 رہائشگاہوں پر بھجوادیے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق صابر مٹھوکے 19بینک اکاؤنٹس ہیں، جن میں 14 پاکستانی اور 5 غیر ملکی بینکوں میں ہیں۔

ایف آئی اے نوٹس میں کہا گیا کہ صابر مٹھو کے ان اکاؤنٹس کے ذریعے 5 ارب 34 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کی گئیں۔

صابر مٹھو کو جاری کردہ نوٹس میں ایف آئی اے نے کہا کہ جن ممالک کا دورہ کیا ان کی تفصیلات، اپنی آف شور اور شیل کمپنیوں کا تمام ریکارڈ بھی ساتھ لائیں۔

ایف آئی اے نوٹس میں کہا گیا کہ اندرون اور بیرون ملک جائیدادوں اور گاڑیوں کی تفصیلات اورفارن کرنسی کی خرید و فروخت کا تمام ریکارڈ بھی ساتھ لائیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ آپ اور آپ کی فیملی نے جو غیرملکی کرنسی ایئرپورٹس پر ڈکلیر کی تھی اُس کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔

غلط فہمی کی بنیاد پر نوٹس جاری کیا گیا، قریبی ذرائع صابر مٹھو

دوسری جانب صابر مٹھو کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے ایف آئی اے نے غلط فہمی کی بنیاد پر نوٹس جاری کیا ہے، ہمارا کاروبار صاف ستھرا ہے اور کوئی چیز غیرقانونی نہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہم 40 سال سے بزنس کررہے ہیں، کاروباری مخالفین حسد کی وجہ سے ہمیں بدنام کررہے ہیں، ہمارے پاس تمام ثبوت اور ٹیکس ریکارڈ موجود ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.