جمعہ 4؍ربیع الثانی 1445ھ20؍اکتوبر 2023ء

حنا پرویز بٹ نے آج کی رات کو چاند رات قرار دے دیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے آج کی رات کو چاند رات قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’چاند رات ‘‘مبارک، کل کا دن عید سے کم نہیں ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں حنا پرویز بٹ نے خوش آمدید نواز شریف کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف 4 سال بعد کل وطن واپس پہنچیں گے، نوازشریف کل مینار پاکستان لاہور میں جلسے سے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

ن لیگی کارکنان کی جانب سے سڑک پر لایا گیا شیر عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

لاہور میں نواز شریف کے استقبال کے لیے کراچی، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد سمیت مختلف شہروں سے ٹرینوں اور بسوں میں قافلوں کی روانگی شروع ہوگئی۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں مسلم لیگ ن کے جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، نواز شریف کے خطاب کیلئے مرکزی اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پنڈال میں کرسیاں بھی لگائی جا رہی ہیں، گلگت بلتستان،خیبر پختونخوا اور سندھ سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے کارکنوں کیلئے کھانے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نواز شریف کے خطاب کیلئے 40 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، اسٹیج کے پیچھے سیکیورٹی کیلئے 3 کنٹینرز لگائے گئے ہیں، اسٹیج کے اردگرد گراؤنڈز کو جست کی چادروں سے کور کیا گیا ہے، جبکہ اسٹیج کے اِردگرد خار دار تار لگا دیے گئےہیں، جلسہ گاہ میں بڑی بڑی لائٹس اور مسلم لیگ ن کے جھنڈے لگا دیے گئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.