جمعرات 25؍ربیع الاول 1445ھ12؍اکتوبر 2023ء

محمد رضوان کی غزہ سے متعلق ٹوئٹ پر آئی سی سی کا مؤقف سامنے آگیا

ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف شاندار فتح کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان کی ٹوئٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا مؤقف سامنے آگیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد غزہ سے متعلق محمد رضوان کی ٹوئٹ ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ کھیل کے میدان اور آئی سی سی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔

ترجمان آئی سی سی کا کہنا ہے کہ فرد اور ان کے بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ اپنے انفرادی پلیٹ فارم کو کس طرح استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بلے باز محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف 131 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز اور ٹیم کی شاندار فتح کو غزہ کے مظلوموں کے نام کر دیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کھلاڑی نے پاکستان کی جیت پر اظہارِ خیال کیا تھا اور اسے اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کا نشانہ بننے والے معصوم فلسطینیوں کے نام کر دیا تھا۔

انہوں نے لکھا تھا کہ یہ غزہ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے لیے تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.