پیر 22؍ربیع الاوّل 1445ھ9؍اکتوبر 2023ء

اسرائیل سے پولینڈ کے شہریوں کا انخلاء شروع

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد پولینڈ نے اسرائیل سے اپنے شہریوں کا انخلاء شروع کر دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پولینڈ کا پہلا طیارہ تقریباً 120 افراد کو لے کر وارسا پہنچ گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے آج مزید 2 پروازوں کے ذریعے پولینڈ کے شہریوں کا انخلاء متوقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کم از کم 200 پولش فوجی اسرائیل سے شہریوں کے انخلاء کے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔

حماس نے اسرائیل کے جنوبی شہروں میں فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیل کی جانب غزہ پر رات بھر حملے کیے گئے جس میں 1 ہی خاندان کے 19 افراد شہید ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق ’آپریشن الاقصیٰ طوفان‘ کے تحت فلسطینی مجاہدین کی بڑی تعداد غزہ کی سرحد پر موجود باڑ ہٹاتے ہوئے زمینی راستے سے اسرائیل کے شہر اشکلون سمیت جنوبی شہروں میں داخل ہوئی جبکہ سمندری راستے اور پیراگلائیڈرز کی مدد سے بھی متعدد حماس ارکان نے حملہ کیا۔

اسرائیل نے ان حملوں میں بریگیڈ کمانڈر سمیت 700 سے زیادہ اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ حماس سے پہلے دن کی لڑائی میں 30 اہل کار مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 436 ہو گئی ہے، 2 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.