اتوار 21؍ربیع الاول 1445ھ8؍اکتوبر 2023ء

اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 313 ہوگئی

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 313 ہوگئی۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں تقریباً 2 ہزار فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز سے اب تک 400 سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی اور جنوب مشرقی اسرائیل میں حملے کیے۔

قیدی بنائے گئے اسرائیلیوں کے نام چند گھنٹوں میں جاری کرنیکا اعلان

علاوہ ازیں عرب میڈیا کے مطابق حماس نے قیدی بنائے گئے اسرائیلیوں کے نام چند گھنٹوں میں جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حماس ملٹری ونگ کے مطابق قیدی بنائے گئے اسرائیلیوں کے نام چند گھنٹوں میں جاری کردیں گے۔

اسرائیل قیدی بنائے گئے اسرائیلیوں کی تعداد تاحال بتانے سے قاصر

اس حوالے سے اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس کی جانب سے قیدی بنائے گئے اسرائیلیوں کی تعداد تاحال بتانے سے قاصر ہے۔

اسرائیلی پولیس نے حماس سے لڑائی میں اپنے 30 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس نے جوابی ایکشن کرتے ہوئے عرب اسرائیلی جنگ کی پچاسویں سالگرہ پر علی الصبح پہلی بار غزہ سے بیک وقت بری، بحری اور فضائی کارروائی کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ’آپریشن الاقصیٰ طوفان‘ کے تحت فلسطینی مجاہدین کی بڑی تعداد غزہ کی سرحد پر موجود باڑ ہٹاتے ہوئے زمینی راستے سے اسرائیل کے شہر اشکلون سمیت جنوبی شہروں میں داخل ہوئی جبکہ سمندری راستے اور پیراگلائیڈرز کی مدد سے بھی متعدد حماس ارکان نے حملہ کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.