جمعہ 19؍ربیع الاول 1445ھ6؍اکتوبر 2023ء

نمیرہ سلیم نےخلا میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی

پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرہ سلیم نےخلا میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی، نمیرہ سلیم کی خلا میں پہنچنےکی ویڈیو بھی آگئی۔

نمیرہ سلیم خلا میں روانگی کیلئے نیو مکسیکو سے روانہ ہوئیں، جہاں سے انہیں پاکستانی قونصل جنرل آفتاب چوہدری اور دیگر رشتہ داروں نے  رخصت کیا۔

انہوں نے امریکا سے کمرشل اسپیس شپ کے ذریعے خلا کا سفر کیا، بعد ازاں خلائی شٹل خلا میں داخل ہونے کے بعد واپس با حفاظت خلائی سینٹر پر لینڈ کرگئی، پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے نمیرہ سلیم کو مبارک باد دی۔

وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، نمیرہ سلیم 21 اپریل2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔

نمیرا سلیم اس سے قبل وطن کے جھنڈے کو قطب شمالی اور قطب جنوبی میں بھی لہرا چکی ہیں۔

نمیرہ سلیم نےخلا پر روانگی سےقبل نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی۔ انہوں نے نگراں وزیر اطلاعات کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے 2006ء میں نمیرہ کو باضابطہ طور پر ملک کی پہلی خلا باز کے طور پر تسلیم کیا تھا، نمیرہ سلیم نے 2007ء میں پاکستان کے لیے سیاحت کی اعزازی سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔

نمیرہ سلیم کے پاس اپریل 2007ء میں قطب شمالی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا بھی اعزاز موجود ہے۔

اُنہوں نے اپریل 2007ء میں قطب شمالی اور جنوری 2008ء میں قطب جنوب کے مقام پر بھی پاکستان کا جھنڈا بلند کیا تھا۔

یہی نہیں، نمیرہ کو 2008ء میں ماؤنٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اِنہیں 2011ء میں تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

1975ء میں پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہونے والی نمیرہ سلیم نے ہوفسٹرا یونیورسٹی، نیویارک سے بین الاقوامی تجارت میں بیچلرز کیا اور کولمبیا یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ پاکستان واپس آئیں اور یہاں اقوام متحدہ کے کلچرل ایکسچینج پروگرام کے تحت بننے والی بین الاقوامی اکنامکس اور بزنس مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی صدر منتخب ہوئیں۔

1997ء میں نمیرہ یورپی ملک موناکو منتقل ہوگئیں۔ نمیرا نا صرف ایک خلا باز ہیں بلکہ وہ ایک فنکارہ بھی ہیں۔ شاعری، مجسمہ نگاری اور موسیقی میں بھی نمیرہ نے کام کر رکھا ہے۔ اُن کی پینٹنگز امن جیسے موضوع پر ہوتی ہیں۔

گزشتہ 17 سال سے نمیرہ ’ورجین گروپ‘ کے تعاون سے خلائی سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.