جمعہ 19؍ربیع الاول 1445ھ6؍اکتوبر 2023ء

ورلڈکپ: پاکستان نے نیدرلینڈز کو 287 رنز کا ہدف دیدیا

ورلڈ کپ 2023ء کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان 49 اوورز میں 286 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں گرین شرٹس نے حریف ٹیم کےلیے 287 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں کھیلے جارہے میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پا کستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

گرین شرٹس کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کی شروعات کی، آؤٹ آف فارم فخر زمان نے 15 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری، جو 34 کے مجموعے پر صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، صرف 4 رنز بعد ہی دوسرے اوپنر امام الحق 15 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

ایسے وقت میں پاکستان کی ابتدائی3 وکٹیں صرف 38 پر گر جانے کے بعد میچ پر نیدرلینڈز کی گرفت مضبوط ہوگئی، ایسے میں محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمے دارانہ شراکت قائم۔

دونوں کھلاڑیوں نے نیدرلینڈز کی بولنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 114 گیندوں پر 120 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ میں پاکستان کو واپس مستحکم پوزیشن پر لے آئے۔

29 ویں اوور کی پہلی گیند پر سعود شکیل 68 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 9 چوکے شامل تھے، یوں پاکستان کی چوتھی وکٹ 158 کے اسکور پر گری۔

گرین شرٹس کی 5ویں وکٹ 182 کے اسکور پر گری، اس بار محمد رضوان 68 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، انہوں نے اننگز کے دوران 8 چوکے لگائے، اسی اوور میں افتخار احمد 9 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، اس طرح قومی ٹیم کے 6 بیٹر صرف 188 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

ساتویں وکٹ پر محمد نواز اور شاداب خان نے مجموعی اسکور میں 64 رنز کا اضافہ کیا، شاداب خان اس موقع پر 32 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، اسی اوور کی اگلی گیند پر حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے میدان چھوڑ گئے۔

پاکستان کی 9 ویں وکٹ 267 کے اسکور پر گری، محمد نواز 39 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ 10 ویں آؤٹ ہونے والے بیٹر حارث روف تھے جو 16 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تو پوری ٹیم 286 رنز سمٹ گئی۔

شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈز نے 4، کولن ایکرمن نے 2، وین بیک، پال وین می کرین اور آرین دت نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان نے میچ کے دوران نیدر لینڈز کے بولرز کی 294 گیندوں کا سامنا کیا، جن میں 143 گیندوں پر گرین شرٹس کے بیٹرز  کوئی رنز بناسکے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج کے میچ سے ورلڈ کپ کا اچھا آغاز کریں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ 290 یا 300 سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ پِچ دوسری اننگ میں بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔

نیدرلینڈز کی طرف سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمن، باس ڈی لیڈز، تیجا ندامانورو، ثاقب ذوالفقار، لوگن وین بیک، آرین دت اور پال وین میکرین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.