پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے سابق اتحادیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان غلط راستے پر چل رہے ہیں، ان کو اندھیرے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب آپ کے برے وقت میں ہم ساتھ رہے ہیں، جب نواز شریف برے حالات میں تھے ہم نے اختلافات بھلا کر ساتھ دیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے قائد کو مخاطب کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا کہ میاں صاحب آپ کے لوگ آپ کو غلط معلومات دے رہے ہیں، آپ ڈریں نہیں آجائیں، جیل جائیں گے تو بھی ہیرو بن کر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کالے کوٹ کی تحریک کو بھلا کر آپ کا ساتھ دیا تھا، جب نواز شریف دور میں پارلیمنٹ کو خطرہ تھا تو ہم بچانے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کو کیا پتا جمہوریت کیا ہوتی ہے، یہ لوگ غلط راستے پر چل رہے ہیں، ان کو اندھیرے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا یہ لوگ احتساب کی بات کرنے کے بعد کہیں گے معاملہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا ہے، خدا کے واسطے آپ سیاستدان بنیں، جمہوری لوگ بنیں، انتقام کی سیاست نہیں چلتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں میاں صاحب کی پارٹی پی ٹی آئی سے ڈر رہی ہے، یہ تو بڑا الزام ہے۔
Comments are closed.