منگل 16؍ربیع الاوّل 1445ھ3؍اکتوبر 2023ء

ایشین گیمز میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ دراز ہوگیا

ایشین گیمز میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ دراز ہوگیا، بیڈ منٹن میں قومی پلیئرز کا سفر اختتام پذیر ہوا تو باکسنگ کے 51 کے جی کلاس کے کوارٹر فائنل میں زوہیب رشید کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گیمز کے بیڈمنٹن ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمن سنگلز اور ویمن ڈبلز میں قومی پلیئرز کا سفر ختم ہوگیا۔ مینز سنگلز میں مراد علی کو چین کے شیفنگ لی نے 11-21 اور 11-21 سے شکست دی۔

عرفان سعید جاپان کے کودائی ناراوکا سے ہار گئے، ویمن سنگلز میں ماحور شہزاد ویتنام کی پلیئرز کے سامنے ہمت ہار گئیں، ڈبلز میں ماحور اور غزالہ صدیقی کو تھائی لینڈ کی جوڑی نے مات دےدی۔

باکسنگ میں پاکستان کی آخری امید بھی دم توڑ گئی، 51 کے جی کے کوارٹر فائنل میں زوہیب رشید اُزبکستان کے باکسر سے ہار گئے، وہ کوئی پوائنٹ اسکور نہ کرسکے۔

کبڈی کے گروپ بی میں پاکستان نے کوریا کو 21-56 کے اسکور سے شکست دے دی، میچ میں پاکستان نے 8 آل آؤٹ پوائنٹس بھی حاصل کیے۔

ویٹ لفٹنگ میں فرقان انور گروپ ’بی‘ میں پہلی پوزیشن پر رہے، انہوں نے 81 کے جی میں مجموعی طور پر 299 کلوگرام وزن اُٹھایا، فرقان نے اسنیچ میں 133 اور کلین اینڈ جرک میں 166 کلوگرام وزن اٹھایا۔

میڈل ونر کا فیصلہ گروپ اے میں شامل ویٹ لفٹرز کی پرفارمنس کے بعد ہوگا، فرقان انور کے میڈل حاصل کرنے کے امکانات کم ہی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.