متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنما مصطفیٰ کمال نے آئندہ انتخابات میں کراچی کی تمام 22 نشستیں جیتنے کا دعویٰ کردیا۔
ملیر کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان نے پاور شو کیا، اسٹیج پر مرکزی قیادت موجود رہی، جلسے میں پارٹی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی، خواتین بھی ایم کیو ایم کے جلسہ گاہ میں موجود تھیں۔
اس دوران اپنے خطاب میں پارٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے جلسے میں عوام خود آتے ہیں، ہم عام انتخابات میں ہر قومیت کے فرد کو پارٹی ٹکٹ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے کی ایم کیو ایم تھی، اُس نے کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے۔ آج کی ایم کیو ایم نے کارکن لاپتہ کرائے اور نہ ہی نریندر مودی سے مدد مانگی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ آنکھیں کھول کر دیکھ لو چند گھنٹوں کے نوٹس پر بغیر بسیں دیے یہ ٹھاٹھے مارتا سمندر ہے، آج عوام نے فیصلہ دے دیا، اس کی روشنی پورے ملک میں جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ 15 سال سے کراچی میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، پینے کا پانی آتا نہیں سیوریج کا پانی جاتا نہیں، اس دوران شہر کی آبادی بڑھ گئی ہے لیکن ایک قطرہ اضافی پانی نہیں ملا۔
ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ ہمارا پانی چوری کر کے ٹینکرز کے ذریعے ہمیں ہی اربوں روپے میں بیچتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بڑوں نے کوٹہ سسٹم نافذ کیا وہ 10 میں 4 نوکری دے دیا کرتے تھے، آج کے حکمراں 40 فیصد کوٹہ بھی نہیں دیتے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ ہمارے نوجوانوں کو نوکریاں نہیں دیتے، پوچھتا ہوں کیا ہمارے نوجوانوں کےلیے فوڈ ڈیلوری سروس میں ہی نوکریاں رہ گئی ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ جس شہر میں لوگ نوکری کے لیے آتے ہیں، اس شہر کے جوانوں کو نرکریاں نہیں ملتیں، ہمارے نوجوان بے روزگاری کے باعث عمارتوں سے چھلانگ لگارہے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ دنیا چاند پر جارہی ہے، ہمارے بچے کھلے گٹروں میں گر کر مر رہے ہیں، یہ شہر 40 سال پہلے زیادہ اچھا تھا، آج یہ گٹر ملا پانی پی رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایک ہی اسکرین پر پڑوسی ملک کے چاند پر جانے اور ہمارے بچے کے گٹر میں گرنے کی خبر چلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں دنیا کے کامیاب ترین شہروں میں اس کراچی کو شامل کروایا، ہم نے ہڑتال کی کال دیے بغیر مردم شماری میں لوگ شامل کروائے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جیسی ظلم کرنے والی جماعت کے چنگل سے نکال کر لائے کوئی مظاہرہ نہیں کیا، جہاں فیصلے ہونا تھے وہاں جا کر اپنا مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سہراب گوٹھ، کیماڑی اور پورے شہر سے الیکشن لڑے گی، کراچی کی 22 کی بائیس سیٹیں ہماری ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ یہ صرف ملیر ٹاؤن کا جلسہ ہے، پاکستان کی ساری سیاسی جماعتیں مل کر بھی یہ نہیں کرسکتیں۔ کسی کا خیال تھا کہ ملیر کے لوگ ایم کیو ایم کا ساتھ نہیں دیں گے۔
Comments are closed.