میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی ہمیں ٹیکس نہیں جمع کرنے دے رہی۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ روز پریس کانفرنس میں مایوسی کو فروغ دیتے ہیں، یہ لوگ نہیں چاہتے کہ کراچی اپنے پیروں پر کھڑا ہو۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی منفی چیزوں کو مثبت چیزوں سے تبدیل کریں گے اور کمی کوتاہیوں کو دور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولتیں فراہم کریں گے، کراچی چڑیا گھر میں مچھلی گھر طویل عرصے سے بند تھا، چڑیا گھر میں نئے جانور لانے کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی چڑیا گھر کو بین الاقوامی معیار تک لانے کے لیے بہت کام کرنا باقی ہے، چڑیا گھر میں مچھلی گھر کو بحال کیا ہے، چڑیا گھر کو مزید بہتر بنائیں گے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہم تنقید کو بھی مثبت طرح سے لیتے ہیں، کچرے سے ہم بجلی اور گیس پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اختیارات نہیں، ہم نے پانی مافیا کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے، ہم مافیا کا حصہ نہیں، مافیا کو نہیں چلنے دیں گے۔
کراچی کے میئر نے یہ بھی کہا کہ کے ایم سی کی زمین پر جم خانہ بن گئے اور ادائیگی نہیں کی جاتی، پی آئی ڈی سی پر جانا دشوار تھا، وہاں پارکننگ ختم کرائی۔
Comments are closed.