جمعرات 11؍ربیع الاول 1445ھ28؍ستمبر 2023ء

صحافی خالد جمیل کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر بغاوت پر اکسانے کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر موجود صحافی خالد جمیل کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد میں صحافی خالد جمیل کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت وکیلِ صفائی نوید ملک نے عدالت میں کہا کہ خالد جمیل مشہور صحافی ہیں اور صحافی کی ذمے داری سمجھتے ہیں، پیکا ایکٹ سیکشن 20 کو عدالت نے غیر آئینی قرار دیا جس کے تحت اب کارروائی نہیں ہو سکتی۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ مرید عباس نے صحافی خالد جمیل کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

وکیلِ صفائی نوید ملک کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نظر انداز کرتے ہوئے یہ مقدمہ درج کیا گیا۔

دوسری جانب سماعت کے دوران پراسیکیوٹر کا عدالت میں کہنا تھا کہ خالد جمیل کی ٹوئٹس سے خاص بیانیہ بنایا جا رہا ہے، ایسے ٹوئٹس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کیس سب کے سامنے ہے۔

واضح رہے کہ صحافی خالد جمیل کو سائبر کرائم ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.