ہفتہ 29؍صفر المظفر 1445ھ16؍ستمبر 2023ء

برسلز میں ’ہیریٹیج ڈے‘ کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں تقریب کا انعقاد

یورپی دارالحکومت برسلز میں آج ’ہیریٹیج ڈے‘ کے موقع پر برسلز میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے بھی بیلجیئن شہریوں کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے سفارت خانے میں مختلف اسٹال لگائے گئے تھے جہاں چاروں صوبوں میں بننے والے دستکاری کے نمونے، روایتی کھانے اور پاکستان سے یورپ آنے والی خشک خوراک اور دیگر مصنوعات شامل تھیں۔

کشمیری کھانوں کا اسٹال علیحدہ سے لگایا گیا تھا جہاں کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سید اور ان کی ٹیم نے زعفرانی چاولوں، لوبیا کے سالن، پلاؤ اور حلوے کے علاوہ کشمیری چائے سے مہمانوں کی تواضع کی۔

اس منصوبے کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کی بہتر انداز میں خدمت کرنا ہے۔

روایتی پکوڑے، سموسے اور چاٹ بھی مقامی لوگوں کی توجہ کا خوب مرکز رہے۔

برسلز اربن ازم کے تحت منعقد ہونے والے اس ہیریٹیج ڈے کا وقت صبح 10 سے شام 4 بجے تک رکھا گیا تھا لیکن مقامی لوگوں کی آمد صبح سے ہی شروع ہوگئی تھی جہاں سفیر پاکستان آمنہ بلوچ سمیت سفارت خانے کے افسران نے انہیں خوش آمدید کہا۔

علاوہ ازیں اس موقع پر سماجی رہنما امین الحق اور ان کی ٹیم نے روایتی لباسوں کے اسٹالز کی صورت میں پاکستان کا رنگ نمایاں کیا۔

ایک تصویری نمائش بھی لگائی گئی تھی جہاں پاکستان کے قدرتی حسن کو تصاویر کی صورت میں پیش کیا گیا تھا۔

یہ ہیریٹیج ڈے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کر نے کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.